اداکارہ انعمتا قریشی کا ساس کی جانب سے تشدد کا انکشاف
کراچی: پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ انعمتا قریشی نے ساس کی جانب سے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے کا انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ انعمتا قریشی نے سوشل میڈیا پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے سسرال میں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
اداکارہ انعمتا قریشی کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کام کے سلسلے میں گھر سے دور ہوتے ہیں، اس دوران ان کی ساس اُن پر ظلم و ستم ڈھاتی ہیں، یہاں تک کہ انہیں کھانے کو نہیں دیتیں اور ساس کی وجہ سے انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اور انہوں نے جب والدہ کی جانب سے مشکلات سامنے آنے پر الگ گھر لینا چاہا تو یہ بھی ان کی ساس کو برداشت نہ ہوا اور انہوں نے مجھے گالیاں دیں، مجھ پر ہاتھ اُٹھایا جب کہ میری والدہ اور بہنوں کو بھی بُرا بھلا کہا۔
انعمتا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر بتایا کہ ان کی ساس کا کہنا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں، اس لیے گھر بسانے کے لائق نہیں ہوں۔
انعمتا نے بتایا کہ ان کی ساس کی بہن نے ایک جھگڑے کے دوران ان کی والدہ پر بھی تشدد کیا، جس کی وجہ سے ان کی والدہ کا پاؤں فریکچر ہوگیا تھا۔
انعمتا قریشی کا کہنا تھا کہ ساس اور ان کی بہن نے مجھے بھی گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا اور تھپڑ مارے، کیونکہ میں اپنا گھر بچانا چاہتی ہوں۔
اپنے شوہر کے حوالے سے انعمتا نے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ ایک مرد کے لیے بیوی اور ماں میں سے کسی کا انتخاب کرنا مشکل ہے مگر میرے شوہر نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور وہ بھی اپنی والدہ کے رویے سے پریشان ہیں اور الگ ہونا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ انعمتا قریشی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں اور وہ ایک بیٹے کی ماں ہیں۔