9 مئی کے شرپسندوں کو ضرور سزا ملے گی، وزیراعظم
پشاور: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، لہٰذا انہیں سزا ضرور ملے گی۔
پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کا وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ کیا، جہاں ڈی جی ریڈیو پاکستان نے انہیں 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اور مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو دل خراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا، تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنادیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثےاور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں لیکن یہاں جلادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کردیا گیا، جنہوں نے یہ شرم ناک کام کیا ہے، ان میں اور دشمنوں میں کوئی فرق نہیں، 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، شرپسندوں کو قانون اور آئین کے مطابق ضرور سزا ملے گی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر ریڈیو پاکستان کی عمارت کی مرمت کا کام فوری شروع کرانے کی ہدایت کی اور ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا بھی اعلان کیا۔