عمران، بشریٰ بی بی غیرشرعی نکاح کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کے الزام کے کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
سول جج نصرمن اللہ کی عدالت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کے کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر شادی قانونی تھی تو دوبارہ نکاح کیوں کیا؟ عدت کے دوران شادی غیر قانونی ہے، ایسا کہنا فراڈ ہے کہ 2018 کے پہلے دن شادی کریں گے تو وزیراعظم بن جائیں گے، جنوری 2018 میں بشریٰ بی بی عدت میں تھیں، طلاق نومبر میں ہوئی۔
جج نے سوال کیا کہ عمران خان کا نکاح لاہور میں ہوا، اس عدالت کا دائرہ اختیار کیسے بنتا ہے؟
وکیل کا کہنا تھا کہ بنی گالا سے فراڈ شروع ہوا اور نکاح لاہور میں ہوا، نکاح خواں کو بھی اسلام آباد سے نکاح کے لیے لے جایا گیا، فروری 2018 میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح دوبارہ اسلام آباد میں پڑھایا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کے الزام کا کیس قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، جو اب سنادیا گیا ہے۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عدت میں نکاح کے کیس کی درخواست عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔