عمران خان کی گرفتاری پر مختلف شہروں میں احتجاج، سڑکیں بند

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی گئی، جس پر کئی شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں ںے سڑکیں بند کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق آج القادر یونیورسٹی کیس میں نیب نے رینجرز کی مدد سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا ہے، جس کے بعد سے پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین نے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کی اور گرفتاری کو عدلیہ پر حملہ قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ سابق وزیراعظم اور قوم کے رہنما عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ ملک اس قسم کے فاشزم کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، قوم کو اٹھنا ہوگا، اس ملک کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔
پی ٹی آئی قیادت کی کال پر مختلف شہروں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا۔ پنجاب اور کے پی میں مختلف شہروں میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں جس سے عوام پریشانی کا شکار ہوگئے۔
تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے کارکنوں کو طلب کیا، جس پر کارکنان اور رہنما انصاف ہاؤس پہنچے۔ کارکنوں ںے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بند کردی، جس کے سبب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، کارکنوں اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں کی سڑکیں بند کرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ مختلف مقامات پر جلائو گھیرائو بھی کیا گیا ہے۔
احاطہ عدالت میں گرفتاری کے خلاف لاہور جی پی او چوک پر وکلا کی طرف سے احتجاج شروع ہوگیا۔ وکلا نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔