مفت آٹا تقسیم میں شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے، علی ظفر
کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار اور اداکار علی ظفر نے ملک میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
علی ظفر کا معروف کامیڈین اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ شفاعت علی کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ ہر ایک شخص کی عزت نفس کا خیال رکھے۔
شفاعت علی نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا تھا کہ جب بجلی کا بل غریب کے گھر کے ایڈریس پر ہر مہینے پہنچ جاتا ہے تو مفت آٹے کا تھیلا کیوں نہیں پہنچ سکتا؟، غریب کو ایک آٹے کا تھیلا دینے کے لیے میلہ لگانے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟
خیال رہے کہ ملک بھر میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدترین بدنظمی کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں، جس میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔
مفت آٹے کے حصول کے لیے خواتین، بزرگ اور بچے سارا سارا دن لائنوں میں لگ کر انتظار کرتے ہیں اور جب ٹرک آٹا لے کر پہنچتا ہے تو دھکم پیل کی وجہ سے اکثر لوگ ناصرف آٹے سے محروم رہ جاتے بلکہ زخمی اور بے ہوش بھی ہورہے ہیں۔
شہریوں نے بھی مفت آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں باوقار انداز میں ریلیف فراہم کرے۔