سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ایمن، منال نے ملازمین کو تنخواہ دے دی
کراچی: سوشل میڈیا پر ایمن منال کی جانب سے اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ گزشتہ روز کافی اچھلا تھا، اس پر ان دونوں اداکارائوں پر خاصی تنقید بھی کی گئی تھی۔ اب اطلاع ملی ہے کہ انہوں نے ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کردی ہے۔
ایمن منال کلوزٹ کے سابق ملازم علی حامد کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کے بعد تمام ملازموں کو تنخواہ کی ادائیگی کردی گئی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے علی حامد نامی صارف نے ایمن منال پر عملے کی بے عزتی کرنے اور تنخواہ نہ دینے کا الزام عائد کیا۔
علی حامد نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں ایک سال سے ایمن اور منال کا ملازم ہوں لیکن بڑے نام ہونے کے باوجود انہوں نے مجھے وقت پر ادائیگی نہیں کی، اداکارائیں اپنے ملازمین کی بے عزتی کرتی ہیں اور ان سے غلاموں جیسا سلوک کرتی ہیں، ان کی برانڈ مہینوں میں لاکھوں کماتی ہے لیکن وہ ملازموں کو ان کی اجرت نہیں دیتے، یہ لوگ میرے ایک لاکھ 80 ہزار کی مقروض ہیں، میں نے انہیں اپنی تنخواہ کیلئے پیغامات بھیجے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
تاہم اب علی حامد کی جانب سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا گیا، علی حامد کی پوسٹ میں درج تھا کہ مجھ سمیت تمام ملازموں کے بقایاجات ادا کردیے گئے ہیں، بعد ازاں اس کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔