ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس نے 7 آسکر ایوارڈز جیت لیے
لاس اینجلس: 100 ملین ڈالرز کا ریکارڈ بزنس کرنے والی ہالی وُڈ فلم ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین فلم سمیت 7 بڑے اعزازات اپنے نام کرنے میں سرخرو رہی۔
بیرون ملک کے میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کی شب لاس اینجلس میں 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کا رنگارنگ میلا سجا، جس کی میزبانی جمی کیمل نے کی، اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی ملائیشیا کی فلم ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس نے سب سے زیادہ 7 آسکرز جیت کر تاریخ رقم کردی۔
ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس نے بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتنے کے ساتھ ساتھ بہترین ہدایت کار، بہترین اداکار و اداکارہ اور بہترین معاون اداکار و اداکارہ جیسے بڑے ایوارڈز اپنے نام کرکے سب کو حیران کردیا۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم دی وہیل کے لیے برینڈن فریزر کے نام رہا جب کہ مشیل یو کو فلم ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دوسری جانب جرمن فلم آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ کا ایونٹ میں چار ایوارڈز حاصل کرکے سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے والی فلم کی فہرست میں دوسرا نمبر رہا۔
مشہور تامل فلم آر آر آر کے گانے ناٹو ناٹو نے بہترین اوریجنل سونگ کا ایوارڈ اپنے نام کیا جب کہ جیمز کیمرون کی مشہور فلم اوتار دی وے آف واٹر کو بہترین ویژول ایفکٹس کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ٹام کروز تو موجود نہ تھے، لیکن اُن کی بلاک بسٹر فلم ٹاپ گن: میورخ نے بہترین ساؤنڈ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
علاوہ ازیں گیئرمو ڈیل ٹوروز پنوکیو کو بہترین اینیمیٹڈ فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ کئی کیٹیگریز کے لیے نامزد ہونے والی مضبوط اُمیدوار بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور کو صرف بہترین کوسٹیوم ڈیزائن کا ایوارڈ ہی مل سکا۔
رواں سال آسکرز میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الگ حفاظتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔