پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ رواں ہفتے ہونے کا امکان
اسلام آباد: پاکستان اور عالمی ادارے کے درمیان مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے پیشگی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹاف سطح معاہدے کے لیے گرین سگنل دے دیا، رواں ہفتے یہ معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کی پیشگی اقدامات کی شرائط پوری کرنے کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف نے پیشگی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد رواں ہفتے اسٹاف سطح کے معاہدے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہونے سے آئی ایم ایف کی آخری پیشگی شرط بھی پوری ہوگئی، چین کے قرضے رول اوور ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوگئے ہیں جب کہ باقی دوست ممالک کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے اعلان کردہ پیکیجز پر جلد عمل درآمد کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کا معاہدہ ہونے کے بعد نویں اقتصادی جائزے اور پاکستان کے لیے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کے لیے معاملہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش ہوگا اور بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو اگلی قسط جاری ہونے کے ساتھ ہی آئی ایم ایف پروگرام بھی ٹریک پر آجائے گا۔