ممنوعہ فنڈنگ کیس، عمران خان کو 28 فروری کو عدالت پیش ہونے کا حکم
اسلام آباد: بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ عمران خان 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہوں۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی بینکنگ کورٹ میں جمع کرادی گئی۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ مقدمے کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی گئی۔