کمرۂ امتحان میں 500 لڑکیوں کے درمیان موجود واحد لڑکا بے ہوش
نئی دہلی: کمرۂ امتحان میں 500 لڑکیوں کے درمیان پرچہ دینے کے لیے موجود واحد لڑکا بے ہوش ہوگیا۔
بھارتی ضلع نلندا میں بارہویں جماعت کا ہونہار طالبعلم امتحان دینے آیا، تاہم پرچہ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس کی وجہ مشکل پرچہ نہیں تھا بلکہ وہ 500 لڑکیوں میں امتحان دینے والا واحد لڑکا تھا اور اسی گھبراہٹ سے حواس کھوبیٹھا۔
17 سالہ منیش شنکر پرساد کا تعلق سُندرگڑھ سے ہے اور وہ ریاضی کا پرچہ دینے امتحانی مرکز میں آیا تھا، لیکن ان کی فطرت میں جھجک اور شرم زیادہ تھی۔ جیسے ہی وہ امتحانی ہال میں داخل ہوئے تو وہاں 500 طالبات تھیں اور منیش وہاں آنے والا واحد لڑکا تھا۔
لڑکے کے اہلِ خانہ، ذرائع ابلاغ اور خود لڑکے نے بتایا کہ وہ اتنی ساری لڑکیوں کے درمیان خود کو دیکھ کر نروس ہوگیا تھا۔ اس کے بعد اسے دھیرے دھیرے گھبراہٹ ہوئی اور اتنی بڑھی کہ سر چکرانے لگا اور اس کے بعد انہیں ہوش نہیں رہا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ اچانک مکمل بے ہوش ہوچکے تھے۔
اس کے بعد انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں کچھ دیر بعد اس کے حواس بحال ہوگئے۔ منیش کی ایک رشتے دار خاتون نے بھی بے ہوشی کی یہی وجہ بتائی ہے جو ٹویٹر پر زیرِ گردش ہے۔
اس واقعے کے بعد لڑکے کے رشتے داروں نے بھی بتایا کہ اسے لڑکا ہونے کے باوجود ایک ایسے سینٹر میں بھیجا گیا جو مکمل لڑکیوں کے لیے مختص تھا۔ یہاں 500 لڑکیوں کے درمیان وہ نروس ہوکر بے ہوش ہوگیا۔