آئی ایم ایف کی شرائط ناقابل تصور، مجبوراََ ہر صورت پوری کرنی ہیں، وزیراعظم

پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے، اس کی شرائط ناقابل تصور ہیں، لیکن مجبوراً ہمیں پوری کرنی پڑیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنج انتہائی مشکل ہے لیکن کیا کریں، مجبوری ہے یہ شرائط ہر صورت پوری کرنی ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے اور اس کی شرائط ناقابل تصور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی کے لیڈر دہشت گردوں کو بسانے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں لیکن اپنوں سے ہاتھ ملانے کے لیے تیارنہیں۔ یہ دہرا معیار نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کے پی میں ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں، وہ محض اِدھر اُدھر پھرتے رہتے ہیں۔ اِنہیں یہاں کون لایا؟، کس طرح آئے؟، عجلت میں یہاں کا حصہ بنایا گیا، قوم اس کا جواب چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان میں موجود عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرط قبول کرتے ہوئے بجلی مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف نے 300 یونٹ تک سبسڈی کی تجویز ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ صرف 100یونٹ تک غریب صارفین کو سبسڈی فراہم کی جائے۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کردی، جس کے بعد مبینہ طور پر کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث سرکاری افسران کی کرپشن و منی لانڈرنگ کا سراغ لگانے کیلئے بینکوں کو گریڈ 17 تا 22 کے سرکاری افسران کے جمع کروائے جانے والے اثاثہ جات کی تفصیلات تک مشروط رسائی دینے کے رولز جاری کردیے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔