پاکستانی فلم جوائے لینڈ آسکر ایوارڈ سے خارج

کیلے فورنیا: پاکستان کی آسکرز کے لیے نامزد فلم جوائے لینڈ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی مرکزی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہی اور یوں اس ایوارڈ سے خارج ہوگئی۔
جوائے لینڈ نے دُنیا بھر میں بھرپور پذیرائی حاصل کی تھی۔ فلم ساز صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوائے لینڈ کو آسکرز میں بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا تھا تاہم پاکستانی فلم آسکرز کا حصہ بننے میں ناکام ہوگئی۔
اس کیٹگری میں جوائے لینڈ کےعلاوہ جرمن فلم ’آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ‘، ارجنٹائن کی ’ارجنٹائن 1985‘، بیلجیئن فلم ’کلوز‘، پولش فلم ’ای او‘ اور آئرلینڈ کی ’دی کوائٹ گرل‘ کو نامزد کیا گیا ہے۔
اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین فلموں کی کیٹگری کے لیے ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن میورک‘ اور مشہور ہدایت کار ڈیوڈ کیمرون کی فلم ’اوٹار دی وے آف واٹر‘ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اکیڈمی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں سب سے آگے سائنس فکشن فلم ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ ہے جس نے 11 نامزدگیاں حاصل کی ہیں جب کہ پہلی جنگ عظیم کے پس منظر پر بننے والی فلم ’آل کوایٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ ور ’دی بینشیس آف انیشیر‘ کو 9 نامزدگیاں ملی ہیں۔
معروف گلوکار ایلویس پریسلے پر بننے والی فلم کے اداکار آسٹن بٹلر اور آنجہانی اداکارہ مارلن منرو پر بننے والی فلم ’بلونڈ‘ میں مارلن منرو کا کردار نبھانے والی اداکارہ آنا ڈی آرمس کو بہترین اداکارہ کیلئے نامزد کیا گیا ہے جب کہ کیٹ بلینچیٹ کو ’ ٹار‘، کولن فیرل کو فلم ’دی بینشیز آف انیشیرن‘ اور برینڈن فریزر کو ’دی ویل‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے مقبول گانے ’ناتو ناتو‘ کو بہترین موسیقی کیلئے نامزد کیا گیا ہے جب کہ ملالہ یوسف زئی کی حمایت یافتہ دستاویزی فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کو بھی آسکرز میں جگہ مل چکی ہے۔
خیال رہے کہ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کا میلہ 12 مارچ کو لاس اینجلس میں سجے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔