عالمی بینک کی 1.1 ارب ڈالر قرض منظوری مؤخر کرنے کی تردید
اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان میں ممکنہ آپریشنز کی منظوری میں تاخیر سے متعلق فیصلے کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں عالمی بینک کے ممکنہ آپریشنز کی منظوری میں تاخیر کے حوالے سے ورلڈ بینک کے فیصلے کے بارے میں پریس رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
ناجی بن حسائن نے کہا کہ ہمارے تمام مجوزہ آپریشنز اور ان کی رقوم سے متعلق بورڈ کی منظوری کی تاریخیں واضح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک مناسب طریقہ کار کے بعد اور مجوزہ منصوبوں کی تیاری کی بنیاد پر بورڈ کے غوروخوض کے لیے پروجیکٹ کی تجاویز کے تبادلے کے وقت کا فیصلہ کرتا ہے۔
گزشتہ روز بیرون ملک کے خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ میں کہا تھا کہ عالمی بینک نے پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر قرض کی فراہمی توانائی کے قرضوں اور ٹیرف کے حوالے سے کچھ اقدامات کے سبب آئندہ مالی سال تک مؤخر کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اہم مسئلہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کی مینجمنٹ اور ٹیرف پر نظرثانی کا ہے۔