پنجاب حکومت بازاروں کی جلد بندش کا وفاقی حکم ماننے سے انکاری

لاہور: بازار جلد بند کرنے سے متعلق وفاق کا حکم ماننے سے پنجاب حکومت نے انکار کردیا اور کہا کہ یہ فیصلہ ہم خود اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
نجی ٹی وی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے توانائی بچت پلان کے تحت بازار، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس جلد بند کرانے کے حکومتی فیصلے کی منظوری دی ہے، جسے تمام صوبوں میں نافذ کیا جائے گا، تاہم پنجاب حکومت نے فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، اس کے لیے پنجاب حکومت اپنی کابینہ کا اجلاس خود بلائے گی، ملک میں بے روزگاری بہت بڑھ رہی ہے، اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامی کے فیصلے عجلت میں کررہی ہے، لیکن ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے، پنجاب کے چیمبرز اور دکان داروں سے میٹنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی سکڑ گئی ہے، حکومت اپنی ناکامی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے، امپورٹڈ حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کسی صورت میں نہیں مانے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔