پاکستانی اداکارائیں نازیبا الزامات پر پھٹ پڑیں، شدید ردعمل
کراچی: بے بنیاد پروپیگنڈے اور اپنے اوپر لگائے گئے نازیبا الزامات پر پاکستانی اداکارائیں پھٹ پڑیں اور شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ اداکارہ کبریٰ خان نے مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے تنبیہ کردی۔
حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
عادل راجا نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے جن میں M H. – M K. – A K – S A شامل تھے۔
بعد ازاں پاکستانی اداکاراؤں کی جانب سے عادل راجا کے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار دیکھنے میں آیا۔
اداکارہ کبریٰ خان نے انسٹااسٹوری شیئر کی، جس میں درج تھا کہ میں شروع میں خاموش رہی کیوں کہ ایک فیک ویڈیو میرے وجود کو نہیں مٹاسکتی، لیکن بس اب بہت ہوگیا، آپ کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخص مجھ پر بیٹھے بٹھائے انگلیاں اٹھائے گا اور میں چپ بیٹھوں گی تو آپ کی سوچ ہے، لہٰذا مسٹر عادل راجا جب آپ کسی انسان پر الزام لگائیں تو پہلے آپ کے پاس ثبوت ہونا چاہیے۔
کبریٰ خان نے اپنی اسٹوری میں مزید لکھا کہ آپ کے پاس ثبوت سامنے لانے کے لیے صرف 3 دن ہیں، جس کے لیے آپ نے حق اور سچ کا دعویٰ کیا ہے، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو اپنا بیان واپس لو اور عوام کے سامنے معافی مانگو ورنہ میں تمہارے خلاف مقدمہ کروں گی اور میں صرف پاکستانی ہی نہیں برطانوی شہری بھی ہوں لہٰذا میں وہاں بھی تمہارے پیچھے پہنچ جاؤں گی کیوں کہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی۔
دوسری طرف سنگین الزامات پر مہوش حیات نے بھی ٹوئٹ میں لکھا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گرجاتے ہیں، امید ہے آپ اپنی 2 منٹ کی شہرت سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے کیوں کہ میں اداکارہ ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں میرا نام مٹی میں ملادیں، آپ کو اپنے بے بنیاد الزامات پر شرم آنی چاہیے جب کہ آپ کسی شخص کے بارے میں کچھ بھی نہ جانتے ہوں اور زیادہ شرم ان لوگوں کو آنا چاہیے جو آپ کی اس فضولیات پر یقین رکھتے ہیں لیکن اب اسے ختم ہونا چاہیے، کیوںکہ میں کسی کو اپنے نام کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دوں گی۔
سجل علی نے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی افسوس ناک ہے کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر پستی کی طرف اور گندا ہوتا جارہا ہے، کردار کشی انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے۔