چین میں شدید دھند کے باعث سیکڑوں گاڑیاں ٹکرا گئیں
بیجنگ: موسم سرما کے دوران چھائی دھند کی وجہ سے چین میں سیکڑوں گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔
ذرائع ابلاغ سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ موسم سرما کے باعث چین کا شہر ژینگژو ان دنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، اس باعث حد نگاہ کم ہونے کے سبب شہر کی ایک مصروف شاہراہ پر متعدد گاڑیوں کو حادثہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ژینگژو کی شاہراہ پر 200 گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں جس میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ سیکڑوں شہری حادثے کے باعث گاڑیوں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے 11 فائر ٹرک اور 66 فائر فائٹرز کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھیجا گیا، جنہوں نے گاڑیوں میں پھنسے شہریوں کی مدد کی۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے، جس میں گاڑیوں کے ڈھیر کو دیکھا جاسکتا ہے۔