نازیبا ویڈیو کیس: عدالتی وقت ختم، دانیہ شاہ کا ریمانڈ نہ لیا جاسکا
کراچی: میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیت، رکن قومی اسمبلی مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق بیٹی کی درخواست پر گرفتار بیوہ دانیہ شاہ کا عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث ریمانڈ نہ لیا جاسکا۔
ایف آئی اے حکام نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی گرفتار ملزمہ بیوہ دانیہ شاہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
ایف آئی اے حکام کو عدالتی عملے نے بتایا کہ جج صاحب عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد جاچکے ہیں، ریمانڈ کے لیے کل پیش کریں۔
ملزمہ دانیہ شاہ کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی نے لودھراں سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے عامر لیاقت حسین کی بیٹی کی شکایت پر ملزمہ کو گرفتار کیا ہے۔
خیال رہے کہ دانیہ شاہ پر معروف ٹی وی پرسن عامر لیاقت حسین کی غیر اخلاقی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل کرنے کا الزام ہے۔