بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث، دُنیا اُس کا احتساب کرے، پاکستان
اسلام آباد: بھارت خطے میں دہشت گردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے اور اس کے ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ آج دنیا اورخطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افسوس کہ آج ایسے معاملے پربات کرنے آئی ہوں، افسوس، دہشت گردی کرانے والا خود کو دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار قرار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صبح سیکریٹری خارجہ نے غیر ملکی سفیروں کو بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بارے میں بریفنگ دی، بھارت نے جوہر ٹاؤن لاہور میں دہشت گردی کی، ہم نے تحقیقات مکمل ہونے اور ثبوتوں کا انتظار کیا، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، جوہر ٹاؤن دہشت گردی بھارت کا منصوبہ تھا اور اس کو بھارت نے سرانجام دیا، جن کو اس دہشت گردی میں سزا ہوئی وہ صرف فرنٹ مین تھے، اس واقعے کے اصل کردار بھارتی ریاستی پشت پناہی میں آزاد ہیں، پاکستان اس حوالے سے آواز اٹھاتا رہے گا، بھارت مسلسل بلوچ علیحدگی پسندوں کی حمایت کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے زیادہ کسی نے دہشت گردی کا فائدہ نہیں اٹھایا اور پاکستان وہ ملک ہے جو دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، اگر آپ پڑوسیوں کے گھر میں آگ لگانے کی کوشش کریں گے تو آگ آپ کے گھر بھی آئے گی، بھارت نے عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے، بھارت خطے میں دہشت گردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے، بھارت کو اس پالیسی سے پیچھے ہٹنا ہوگا، ایمان داری سے سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری بھارت کا احتساب کرے گی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے بھارت کو دیا گیا ڈوزیئر شیئرکیا ہے، بھارتی شہریوں کے بارے میں ریڈ وارنٹس جاری ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے جو کارروائیاں ہورہی ہیں اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، صرف بھارت کو اگر ذمے دار نہ بھی سمجھیں تو ماضی اور حالیہ واقعات وہاں سے دہشت گردی ثابت کرتے ہیں، کلبھوشن کیس میں بھی پاکستان نے ثبوت پیش کیے، بھارت کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے، بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا۔
حنا ربانی نے کہا کہ بھارت کے خلاف لاہور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید کیس ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اس کو دیکھے۔