پاکستان میں محکمہ پولیس کا کرپشن میں پہلا نمبر ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان میں کرپشن میں محکمہ پولیس کو اول نمبر دے دیا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے جاری ہوگیا۔
سروے رپورٹ میں پولیس کو ملک کا کرپٹ ترین ادارہ قرار دیا گیا ہے جب کہ کرپٹ ترین اداروں میں ٹینڈرنگ، کنٹریکٹ کا شعبہ دوسرے اور عدلیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں کرپٹ ترین اداروں میں تعلیم کے شعبے کو چوتھا نمبر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ نیب سمیت انسداد کرپشن اداروں پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
سروے رپورٹ میں صوبہ سندھ میں تعلیم کے شعبے کو کرپٹ ترین قرار دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی میں سیکریٹری تعلیم اکبر لغاری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل والوں نے مجھ سے کوئی میٹنگ نہیں کی، میرے علم میں ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے۔
سیکریٹری تعلیم نے کہا اگر ایسی کوئی رپورٹ ہے تو میں اس کو نہیں مانتا، مفروضوں پر مبنی رپورٹ نہیں ہونی چاہیے، اگر کوئی ثبوت ہے تو دیں، عدالت نے ٹیچرز کی ڈیلی مانیٹرنگ کا کہا ہے، محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کا عمل شفاف ہے، اگر کوئی شکایت آتی ہے تو اس پر کارروائی کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب میں پولیس، خیبرپختونخوا میں عدلیہ، بلوچستان میں ٹینڈرنگ اور کنٹریکٹ کرپٹ ترین ادارے قرار دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کا یہ ماننا ہے کہ خدمات کی فراہمی میں کرپشن بہت زیادہ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔