انگلینڈ کو قابو کرنے والے ابرار احمد کی زندگی پر ایک نظر
کراچی: ابرار احمد اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں انٹرنیشنل میڈیا پر چھا گئے ہیں، کراچی سے تعلق رکھنے والے اسپنر کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 7 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے لیے انہوں نے 114 رنز دیے۔
ابرار احمد 16 اکتوبر 1998 کو کراچی میں پیدا ہوئے، 10 فروری 2017 کو کراچی کنگز کی جانب سے ٹوئنٹی 20 پاکستان سپرلیگ سے منظرعام پر آئے، انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو 20 نومبر 2020 کو سندھ کی جانب سے کھیلتے ہوئے قائداعظم ٹرافی میں کیا۔ اکتوبر 2021 میں، انہیں سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان شاہینز کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے 11 نومبر 2021ء کو سری لنکا اے کرکٹ ٹیم کے خلاف لسٹ اے میں ڈیبیو کیا، ابرار احمد کو انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، 9 دسمبر 2022ء کو، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں کیا، جس میں ان کی شاندار گیند بازی نے سبھی کو متاثر کیا۔
ابرار احمد اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں، ان کے والد ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہیں، انہوں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز اپنے علاقے جہانگیر روڈ کے گلی محلوں میں ٹینس بال سے کیا۔