بھارت: ہندی زبان لازمی قرار دینے کیخلاف احتجاج، بزرگ کی خودسوزی
نئی دہلی: ہندی زبان لازمی قرار دینے پر بھارت میں احتجاج جاری ہے، تامل ناڈو ریاست میں 85 سالہ کسان ایم وی تھانگویل نے ہندی زبان کو لازمی قرار دینے کے مودی سرکاری کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں خود پر پٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگالی، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہندی زبان کے لازمی نفاذ کے مودی حکومت کے فیصلے کے خلاف دراوڑ منیترا کزگم پارٹی نے تامل ناڈو میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
خیال رہے کہ تامل ناڈو میں ہندی کے بجائے دراوڑی زبانیں بولی جاتی ہیں جو ہندی سے یکسر مختلف ہیں۔
مظاہرین نے مودی سرکار کے اس فیصلے کے خلاف شدید نعرے لگائے اور اسی دوران ایک بزرگ نے خود سوزی کرلی۔ 85 سالہ تھنگاویل کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ تھنگاویل پیشے کے اعتبار سے کسان اور اپنی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے کافی متحرک تھے۔
دھیان رہے کہ 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق مطابق بھارت بھر میں 44 فیصد سے بھی کم لوگ ہندی زبان بولتے ہیں اور جنوبی بھارت میں ہندی کی سمجھ بوجھ نہ ہونے کے برابر ہے۔
اس کے باوجود بی جے پی کے صدر اور مودی حکومت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے مبینہ طور پر ہندی کو قومی سرکاری زبان بنانے کی سفارش کی تھی اور بالخصوص طب اور انجینئرنگ جیسی تکنیکی تعلیم بھی مقامی زبانوں کے بجائے صرف ہندی میں دینے کی تجویز دی۔
جنوبی اور شمالی بھارت میں صدیوں سے دراوڑی زبانیں بولی جاتی ہیں اور یہاں کے مکین اپنی زبان اور ثقافت کے لیے کافی حساس بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مودی سرکار کے اس امتیازی فیصلے کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔