پاکستانی چاول کی چین کو برآمدات میں 45 فیصد اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد: رواں برس کی ابتدائی 3 سہ ماہیوں میں پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات تاریخ میں پہلی بار 11 لاکھ 11 ہزار 352 ٹن حجم کے ساتھ 421.94 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں۔
چینی کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے پہلے 9 ماہ کے دوران دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا اور چین نے پاکستان سے مختلف اقسام کے 11 لاکھ ٹن سے زیادہ چاول درآمد کیے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہیں جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں چین نے حجم کے لحاظ سے یہ 674,646.876 ٹن سے زیادہ پاکستانی چاول درآمد کیے، جن کی مالیت 290 ملین ڈالر تھی، یہ 2021 کے مقابلے میں 131.91 ملین ڈالر کا اضافہ ہے۔
علاوہ ازیں بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے سابق کمرشل قونصلر بدر الزماں نے کہا ہے کہ پاکستان نے رواں سال چین کو چاول کی برآمد کا 10 لاکھ ٹن ہدف مقرر کیا ہے۔