فیصل واوڈا کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پرانی ساتھی فیصل واوڈا کو پارٹی سے نکال دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چند روز قبل سابق وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس پر ان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔
پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے پارٹی کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا، جس پر ان کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق فیصل واوڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر 26 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد فیصل واوڈا کا ردعمل سامنے آگیا۔
دھیان رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹیڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان جو پُرامن مارچ کرنے جارہے ہیں، یہ ہمارا جمہوری حق ہے، لاشوں اور خون کا کھیل اس ملک میں بند ہونا چاہیے، لانگ مارچ کے بیانیے کی آڑ میں سازش رچائی جارہی ہے، عوام ہر چیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کے لیے بے گناہ موت نہ مریں، پُرامن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔