بھارت: انتہاپسندوں کا دوران نماز مسجد میں بت رکھنے کا مذموم واقعہ
نئی دہلی: بھارتی انتہا پسند تمام حدود عبور کرچکے ہیں، ہندو انتہاپسندوں کی مساجد پر حملوں کی منظم مہم جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد دکن کی قطب شاہی مسجد میں بت رکھ دیے گئے۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو انتہاپسند مرد اور خواتین گیٹ توڑ کر زبردستی قطب شاہی مسجد میں داخل ہوئے اور بت رکھ دیے۔ واقعے کے وقت مسجد میں نماز ادا کی جارہی تھی۔ بھارت میں بابری مسجد کے بعد مسجد میں بت رکھنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
ہندوانتہاپسندوں نے بت رکھنے کے دوران انتہاپسندی پر مبنی نعرے بھی لگائے اور مسجد کی انتظامیہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے ہندو انتہاپسندوں کا ساتھ دیتے ہوئے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
واضح رہے کہ مودی کے دور میں انتہا پسندی کے واقعات میں ہوش رُبا حد تک اضافہ ہوا ہے۔