یوٹیلٹی اسٹورز پر کئی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: عوام پر پھر مہنگائی کا بم گرادیا گیا، یوٹیلٹی اسٹورز پر دودھ، چائے، کوکنگ آئل، گھی سمیت کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک اضافہ ہوگیا، جس کے بعد قیمت 197 سے بڑھ کر 217 روپے ہوگئی۔ 450 گرام چائے کی قیمت میں 240 روپے تک اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 508 روپے سے بڑھ کر 748 روپے ہوگئی جب کہ 100 پیک کے ٹی بیگ کا پیک 282 روپے تک مہنگا ہوگیا، جس کی قیمت 298 روپے سے بڑھا کر 580 روپے کردی گئی۔
علاوہ ازیں 50 گرام پشاوری قہوہ 45 روپے تک مہنگا کرکے قیمت 108 سے بڑھا کر 153 روپے کردی گئی۔ ایک کلو برانڈ کا گھی 141 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔ مچھر مار لیکوڈ کی قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا ہے جب کہ 250 گرام شہد کی بوتل 38 روپے تک مہنگی ہوگئی۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر 135 گرام کا ٹوتھ پیسٹ 30 روپے مہنگا ہوگیا۔ نوڈلز کے چھوٹے پیکٹ کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا جب کہ بیکنگ پاؤڈر، فیس کریم ،صابن، شیونگ کریم، شیشہ صاف کرنے کا لیکوڈ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔