ن لیگی رہنما مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور
لاہور: عدالت عالیہ نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کرلی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
لیگی رہنما کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ پہلے والی متفرق درخواست واپس لینا چاہتا ہوں۔ عدالت نے مریم نواز کی 2019 میں دائر درخواست خارج کردی اور امجد پرویز کو نئی متفرق درخواست پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔
وکیل نے کہا کہ نیب نے مریم نواز کے خلاف چار سال بعد بھی تفتیش مکمل نہیں کی، چوہدری شوگر مل کا ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، مریم نواز چاہتی تھیں ریفرنس دائر ہو تاکہ وہ دفاع کریں، ریفرنس میں تاخیر کرنا قانون کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔
عدالت نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے لیے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا۔