کسی کے منہ سے امریکا کا نام نہیں سننا چاہتا، عمران کی ایک اور آڈیو لیک
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ دھمکیوں سے متعلق امریکی سائفر کے حوالے سے ایک اور آڈیو سامنے آگئی ہے۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر وائرل ویڈیو میں واضح سنا جاسکتا ہے کہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ساتھ امریکی سائفر سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔
آڈیو میں عمران خان، شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں اچھا شاہ جی، کل ہم تینوں (عمران خان، اعظم خان اور شاہ محمود قریشی) نے اور وہ ایک فارن سیکریٹری نے میٹنگ کرنی ہے، ہم نے کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے نا اس کے چپ کرکے مرضی کے منٹس لکھ دے، اعظم خان کہہ رہا ہے کہ اس کے منٹس بنالیتے ہیں، اسے فوٹو اسٹیٹ کرکے رکھ لیتے ہیں۔
اسی دوران سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کہتے ہیں کہ یہ سائفر 8 یا 9 کو آیا ہے، جس پر عمران خان کہتے ہیں کہ میٹنگ 7 کو ہوئی تھی، ہم نے تو کسی صورت امریکا کا نام لینا ہی نہیں ہے، اس ایشو پر پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے، یہ آپ سب کے لیے بہت اہم ہے کہ کس ملک سے لیٹر آیا ہے، میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔
آڈیو میں اسد عمر کہہ رہے ہیں کہ آپ جان کر اسے لیٹر کہہ رہے ہیں، یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے، جس پر عمران خان انہیں ٹوکتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہی ہے نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے یا لیٹر ہے ایک ہی چیز ہے، لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو سمجھ نہیں آنی تھی نا، آپ پبلک جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔