سابق جاپانی وزیراعظم ایبے کی آخری رسوم اگلے ہفتے، اخراجات پر عوامی تنقید
ٹوکیو: سب سے لمبے عرصے تک جاپان کے وزیراعظم رہنے والے شنزو ایبے کی آخری رسوم پر 1.66 بلین ین خرچ ہوں گے جو آنجہانی ملکہ برطانیہ دوم الزبتھ کی آخری رسوم کے اخراجات سے کہیں زیادہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قتل ہونے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ایبے کی آخری رسوم سرکاری سطح پر اگلے ہفتے ادا کی جائیں گی لیکن اس سے قبل ہی ان کی آخری رسوم کو عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عوام کی جانب سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست کی جانب سے آخری رسوم پر بہت زیادہ پیسہ خرچ کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شنزو ایبے کی آخری رسوم پر آنے والا خرچہ عوام کے پیسوں کا ہے، جس کے لیے عوام کی جانب سے مظاہرے بھی کیے گئے اور بہت سے لوگوں نے اس تقریب کی مخالفت بھی کی ہے۔
میڈیا کے مطابق برطانوی ملکہ الزبتھ کی آخری رسوم پر 1.3 بلین ین کا خرچہ آیا تھا لیکن جاپان کے سابق وزیر اعظم کی آخری رسومات کا خرچہ اس رقم سے کہیں زیادہ یعنی 1.66 بلین ین ہے۔
اس کے ساتھ ہی جاپانی عوام نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس گیم پر حکومت کی جانب سے کیے گئے خرچ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 13 بلین ڈالر تقریب پر خرچ کیے گئے جو تقریب کے بجٹ سے دوگنا زیادہ تھے۔