سیلاب کی تباہ کاریاں: مزيد 57 اموات، مجموعی تعداد 1265 ہوگئی
کراچی/ لاہور/ کوئٹہ/ پشاور: مون سون بارشوں اور سيلاب کی تباہ کارياں پاکستان میں تاحال جاری ہیں اور پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزيد 57 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 38 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ خیبر پختون خوا میں 17 اموات ریکارڈ کی گئیں، اس کے علاوہ کشمیر اور بلوچستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزيد 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1265 ہوگئی ہے جب کہ زخمی افراد کی کل تعداد 7683 ريکارڈ ہوگئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبوں کی مناسبت سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے 470 افراد جاں بحق اور 7204 افراد زخمی ہوئے جب کہ خيبرپختون خوا میں اب تک اموات کی تعداد 285 ہے۔