سائرہ کو کئی بار دوسری شادی کا مشورہ دے چکا ہوں، بہروز سبزواری
کراچی: ٹی وی ڈراموں اور فلموں کے تجربے کار اداکار بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سابقہ بہو اداکارہ سائرہ یوسف کو متعدد بار دوسری شادی کا مشورہ دے چکے ہیں اور وہ اُن کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
سائرہ یوسف ان کے بیٹے اداکار شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ ہیں، دونوں نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی نورے بھی ہے۔ دونوں کے درمیان مارچ 2020 میں طلاق کی تصدیق کی ہوئی تھی۔
بعدازاں شہروز سبزواری نے مئی 2020 میں ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی، جن سے حال ہی میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ مگر سائرہ یوسف نے تاحال دوسری شادی نہیں کی۔
حال ہی میں بہروز سبزواری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر ان کی سابقہ بہو دوسری شادی کرنا چاہیں تو وہ ان کی سپورٹ کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں بہروز سبزواری نے اس بات کا شکوہ بھی کیا کہ جب ان کے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق ہوگئی تو سوشل میڈیا پر ان کے پورے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ان کے مطابق لوگ سمجھتے ہیں کہ اداکار ہونے کے ناتے ہم ان کی ملکیت ہیں، اس لیے ہر کوئی تنقید کرتا ہے۔
بہروز سبزواری نے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق کے وقت کو اپنے پورے خاندان کے لیے مشکل قرار دیا اور کہا کہ اگر ان کے بیٹے اور سائرہ یوسف کی کیمسٹری نہیں ملی تو وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے تھے، کیوں کہ یہ سب اللہ کی مرضی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سائرہ یوسف ان کی بیٹی تھیں اور بیٹی رہیں گی اور ان کی بیٹی ‘نورے’ ان کی جان ہیں۔
بہروز سبزواری نے انکشاف کیا کہ وہ متعدد بار سائرہ یوسف کو دوسری شادی کرنے کا کہہ چکے اور اگر وہ شادی کریں گی تو وہ ان کی سپورٹ کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔