قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا


دوحہ: پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان قطر کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اسے ادائیگیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے، غیر ملکی ذخائر 7.8 ارب ڈالر تک گرچکے، جو ایک ماہ سے زیادہ کی درآمدات کے لیے بہ مشکل کافی ہیں۔
قطر کی جانب سے تفصیلات ظاہر کیے بغیر قطر کی امیری دیوان نے بتایا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) نے پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دوحہ کے دورے کے دوران یہ اعلان کیا گیا، جنہوں نے منگل کو کیو آئی اے کے ساتھ ملاقات کے بعد بدھ کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے باضابطہ بات چیت کی۔
امیری دیوان نے کہا کہ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت اور تجارتی تبادلے اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی خواہش پر زور دیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے ہم منصب اور وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کی۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے فریقین کی قیادت کی اور دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جب کہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم گزشتہ روز کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمراہ منگل کو قطر کے دو روزہ دورے پر پہنچے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔