سندھ: آج اور کل تعلیمی ادارے بند، انٹر اور کراچی یونیورسٹی کے پرچے ملتوی
کراچی: شدید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھرمیں 24 اور 25 اگست کو تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی جب کہ انٹر بورڈ اور جامعہ کراچی کے تحت ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں، پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی اداروں میں تعطیل بارشوں کے پیش نظر کی گئیں۔
وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکول و کالجز پر ہوگا۔
واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق وسطی بھارت میں موجود مون سون سسٹم سندھ پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں 24 اور 25 اگست کو کراچی میں بادل برس سکتے ہیں۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کا شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں وسطی بھارت پر موجود ہے جو بھارتی ریاست راجستھان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 23 اگست سے مون سون سسٹم مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے، مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی، وسطی و بالائی سندھ اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں 24 سے 25 اگست کی شام تک بارش کا امکان رہے گا جب کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔