چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کیلیے پی ٹی آئی کا ریفرنس دوبارہ دائر

اسلام آباد: سابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ریفرنس ترمیم کے بعد دوبارہ دائر کردیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس اوورسیز پاکستانی اسلم ملک نے بھجوایا، جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی گئی۔
ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آٸی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن مس کنڈکٹ کا مرتکب ہوا اور اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ملکی قرار دے کر ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی گٸی۔
ریفرنس کے مطابق اووسیز پاکستانیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ آٸین کے خلاف ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان نے اپنے حلف سے روگردانی کی جب کہ ماضی میں بھی الیکشن کمیشن نے ایسے کٸی فیصلے کیے جو مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتے ہیں، مخصوص نشستوں پر بھی آٸین سے ہٹ کر فیصلہ دیا گیا۔
ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ سپریم جوڈیشل کونسل چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔
دھیان رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا تھا لیکن چند گھنٹوں بعد ریفرنس واپس لے لیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔