یوم استحصال کشمیر: پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت مخالف ریلیاں
اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ سری نگر: 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو یک طرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 3 برس مکمل ہونے پر آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یوم استحصال منارہے ہیں۔
بھارتی درندگی اور سفاکیت کو آزاد اور مقبوضہ جموں کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور بین الاقوامی برادری سے 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں بھی آج بھارتی اقدامات کے خلاف یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کو ایک منٹ کے لیے روکا گیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس کے علاوہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلی بھی نکالی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے عملے سمیت شہریوں نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب کشمیر کونسل یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی اقدار کے چیمپئن عالمی ممالک کی مجرمانہ خاموشی تاحال قائم ہے، لیکن کشمیریوں کا جذبہ حریت ہمیشہ کی طرح بلند ہے۔
کشمیر کونسل یورپی یونین کے رہنماؤں نے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرانے کا مطالبہ کیا جب کہ کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے برسلز میں مظاہرہ بھی کیا گیا اور بھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیر کی پرانی حیثیت کو بحال کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ دنیا بھر کے دیگر ممالک میں بھی کشمیری اور پاکستانی بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔