کے پی کے حکومت کا نسوار پر ٹیکس میں کمی کا فیصلہ
پشاور: کے پی کے حکومت نے تمباکو اور نسوار پرعائد ٹیکسوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں فنانس ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترمیمی بل میں نسوار پر ٹیکس 5 روپے سے کم کرکے ڈھائی روپے کرنے اور ورجینا تمباکو پر ٹیکس ڈیوٹی کی شرح 6 روپے کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سفید پتہ اور رسٹیکا تمباکو پر ڈیوٹی کی شرح 3 روپے فی کلو کم کرنے کی تجویز بھی فنانس ترمیمی بل میں شامل ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ حکومت ان چیزوں پر پیسہ کما رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسوار پر ٹیکس میں اضافے کا مقصد نسوار کے نشے کی حوصلہ شکنی کرنا تھی۔ نسوار اتنا بڑا نشہ نہیں کہ جس سے مشکلات پیدا ہوں۔ عوام چاہتے ہیں کہ نسوار کے ریٹ کم ہوجائیں۔ نسوار پر عائد ٹیکس سے حکومت کو بڑی آمدن بھی نہیں ہورہی تھی۔