سابق صدر آصف زرداری کورونا وائرس کی زد میں آگئے
کراچی: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کورونا وائرس کی زد میں آگئے۔
آصف زرداری کے صاحبزادے، وزیر خارجہ اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ سابق صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، حالانکہ وہ ناصرف مکمل ویکسی نیٹڈ ہیں بلکہ ویکسین کا بوسٹر شاٹ بھی لگواچکے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری کو معمولی علامات ہیں، انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا اور ان کا علاج بھی جاری ہے۔
بلاول بھٹو نے ساتھ ہی اپنے والد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
دھیان رہے کہ سابق صدر حال ہی میں اپنی 67ویں سالگرہ مناکر دبئی سے وطن واپس پہنچے تھے۔
ان کے دبئی جانے کے حوالے سے مختلف افواہوں کے پیشِ نظر بختاور بھٹو زرداری نے بتایا تھا کہ وہ اپنی سالگرہ اپنے 9 ماہ کے نواسے کے ساتھ منانا چاہتے تھے۔