وزیراعظم کا ڈیزل 40.54، پٹرول 18.50 روپے سستا کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گری ہیں، آج ہمیں قیمتوں کو کم کرنے کا موقع ملا ہے، میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی عوام سے غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، اللہ کا کرم ہےکہ آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا، تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایک ایک پیسہ عوام تک پہنچانے کی سعادت ملی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسےکمی کے بعد 236 روپے لیٹر ہوگئی ہے جب کہ پٹرول کی نئی قیمت 18 روپے 50 پیسے کمی سے 230 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت 33.81 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 196.45 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 37.71 روپے کمی کے بعد 191.44 روپے فی لیٹرکردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے جاتے جاتے تیل کی قیمتوں میں کمی کی جس کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے، یہ کام اس لیے کیا گیا تاکہ ہماری حکومت مشکلات میں گھر جائے، جب گیس کی قیمتیں دنیا میں کم ہوچکی تھیں سابق حکومت نے گیس نہیں خریدی۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ چند ماہ پہلے حکومت سنبھالی تو ہمیں ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی، جب حکومت سنبھالی تو پاکستان میں مہنگائی عروج پر تھی، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا اور جاتے جاتے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا گئی، سابق حکومت نے بدترین اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز محنت کے بعد معاہدہ ہوچکا، خدا کرے کے ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو، خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو عزت اور وقار سے ہمکنار کرتا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔