فلم لفنگے پر پابندی، میزبان و اداکار مانی سنسر بورڈ پر برس پڑے
کراچی: میزبان و اداکار مانی نے کہا ہے کہ فلم ’لفنگے‘ میں ایسا کچھ نہیں جو پہلے نہ دکھایا گیا ہو۔
گزشتہ روز فلم “لفنگے” پر سنسر بورڈ کی جانب سے فلم بینوں کے لیے’’نامناسب“ ہونے کے دعوے کے بعد پابندی عائد کردی گئی تھی، جس پر فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے سلمان شیخ عرف مانی کا کہنا تھا کہ فلم میں ایسے لطیفے یا ذومعنی جملے شامل نہیں جو اس سے پہلے پاکستانی فلموں میں پیش نہیں کیے گئے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سنیما مر رہا ہے اور جو چند لوگ فلمیں بنانے کے خواہش مند ہیں، وہ بھی اس فیصلے کے بعد ایسا نہیں کریں گے اوراگر وہ ایسا کرتے ہیں تو وہ اپنی فلمیں کہیں اور لے جائیں گے۔
اداکار نے کہا کہ میرے خیال میں یہ صرف اس لیے ہورہا ہے کیونکہ ہم نےعید پر فلم ریلیز کرنے کا سوچا تھا جب کہ ہمیں اسے بعد میں دکھانا چاہیے تھا، انہوں نے بتایا کہ فلم کی ٹیم اس معاملے سے متعلق جلد ہی پریس کانفرنس کرے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ لفنگے ہارر کامیڈی مووی ہے، جس کی کاسٹ میں سلمان شیخ عرف مانی، سمیع خان، مبین گبول، سلیم معراج اور نازش جہانگیر شامل ہیں۔