قرض واپسی کیلئے فرانس سے پاکستان کو بڑی رعایت مل گئی
اسلام آباد: فرانس نے قرض واپسی کے ضمن میں پاکستان کو بڑی رعایت دے دی، پاکستان اور فرانس نے پاکستان کے ذمے واجب الادا 107 ملین ڈالرز قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کردیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور فرانس نے گروپ جی 20 کے قرضہ معطل کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت پاکستان کے ذمے واجب الادا 107 ملین ڈالر کے قرض کو معطل کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
ترجمان وزارت اقتصادی امور پاکستان کو اس قرضے کی ادائیگی جولائی تا دسمبر 2021 کے دوران کرنا تھی تاہم معاہدے پر دستخط کے بعد اب یہ قرض چھ سال کی مدت میں سال میں دو قسطوں کی صورت ادا کرنا ہوگا، جس میں ایک سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اس سے قبل ڈی ایس ایس آئی کے تحت فرانس کے ساتھ 261 ملین ڈالرقرضہ معطلی کے معاہدوں پردستخط کرچکا ہے۔
کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے تناظر میں گروپ 20 کے ممالک نے ترقی پذیر ممالک کو وبا سے نمٹنے کیلئے ضروری مالی گنجائش کی فراہمی کے لیے یہ اسکیم شروع کی تھی۔
پاکستان کے ترقیاتی شراکت دارممالک اور اداروں نے وبا کی مدت میں صحت اور اقتصادی شعبہ میں ضروری اخراجات کے لیے مالی گنجائش فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔