لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی طبیعت میں بہتری آنے لگی
لندن: اسپتال کے آئی سی یو میں داخل سابق پاکستانی کرکٹر ظہیر عباس کی طبیعت میں بہتری آنے لگی۔
سابق کرکٹر کی اہلیہ ثمینہ عباس نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ ڈاکٹرز نے بہتر نگہداشت کی خاطر ظہیر عباس کو آئی سی یو میں رکھا ہوا ہے۔
ثمینہ عباس نے مزید کہا کہ ظہیر عباس دبئی میں کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے، بعد میں پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر گزشتہ اتوار کو انہیں دبئی سے لندن منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نمونیا کے سبب انہیں ایمرجنسی میں اسپتال پہنچایا گیا تھا، اب ان کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے تاہم ڈاکٹرز نے بہتر نگہداشت کے لیے اب تک انہیں آئی سی یو میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس اسپتال میں ڈائیلاسز پر ہیں اور انہیں آکسیجن بھی دی جارہی ہے جب کہ انہیں کسی بھی وقت گردے کے علاج کیلئے خصوصی مہارت رکھنے والے کسی دوسرے اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے تاہم ابھی تک ڈاکٹرز نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔