کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
کراچی: شہر قائد میں جل تھل، برسات کے باعث چار افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کی چند روز قبل کی گئی پیشگوئی کے برعکس آج (بدھ) کو شہر قائد کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ایک بچے اور کمسن لڑکے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پیش گوئی کے برعکس شہر کے افق پر سیاہ بادل ابھرے، کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
ڈیفنس، صفورا، بہادر آباد، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور نرسری سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ اولڈ سٹی ایریا، گارڈن ایسٹ اینڈ ویسٹ، سولجر بازار، رنچھوڑ لائن سے بھی تیز ہوائیں چلنے کی اطلاعات ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ، گڈاپ ٹاؤن، ملیر، گلشن جمال، گلستان جوہر اور ملحقہ علاقوں سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بوندا باندی کی اطلاع ہے۔ بارش شروع ہوتے ہی بجلی بند ہونے سے شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے بعد بارش کا سسٹم لسبیلہ سے کراچی میں داخل ہوا۔ میٹروپولیٹن کے علاقوں گلشن اقبال، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، بفرزون اور جیل چورنگی میں بھی موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔
کراچی میں پہلے اسپیل کی پہلی بارش میں مختلف علاقوں میں اب تک 4 اموات کی اطلاعات ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ چنیسر گوٹھ میں دیوار گرنے سے 4 سال بچہ جب کہ ملیر ملت ٹاؤن، لال بلڈنگ کے قریب دیواریں گرنے سے کمسن لڑکا اور لڑکی جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں موسمیات گلشن عریشہ کےقریب دیوار گرنےسے 45 سالہ شخص بھی جاں بحق ہوگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل سے متعلق اعدادوشمار جاری کردیے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک سب سے کم بارش سرجانی ٹاؤن میں 1.7ملی میٹر جبکہ سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 38 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل میں22 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ میں 5.8ملی میٹر،سعدی ٹاؤن میں 2.7ملی میٹر ،مسرور بیس میں 2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قائد آباد میں 6 ملی میٹر، گلشن معمار میں 4.4 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ میں 15 ملی میٹر، فیصل بیس میں 8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
برسات کے بعد شہر کی مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی صورت حال دیکھنے میں آئی۔