طالبان کی بھارت کو کابل میں پھر سفارتخانہ کھولنے کی پیشکش
کابل: طالبان حکومت نے بھارت کو کابل میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے کی پیشکش کردی۔
افغان میڈیا کے مطابق قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت کابل میں دوبارہ سفارت خانے کھولے گا تو اس کے سفارت کاروں کومکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ بھارت کو قومی اور باہمی مفادات کی بنیاد پر طالبان حکومت سے تعلقات قائم کرنا چاہئیں اور سابق افغان حکام سے روابط نہیں رکھنے چاہئیں۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کام کرنے والے تمام غیر ملکی سفارت کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔بہت سے سفارت خانے کابل میں کام کررہے ہیں اورانہیں بھرپور سیکیورٹی دی گئی ہے۔ بھارتی سفارت خانے اور سفارت کاروں کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
سہیل شاہین نے کہا کہ اگر بھارت افغانستان میں جاری منصوبے مکمل کرنا چاہے گا یا نئے منصوبے شروع کرنا چاہے گا تو اس کا خیرمقدم کریں گے۔