پی ٹی آئی لانگ مارچ، عمران خان کا ڈی چوک آنے کا اعلان

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کا بدھ سے آغاز ہو گا، پی ٹی آئی چیئر مین پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے صوابی پہنچیں گے، امبار انٹر چینج سے جلوس کی قیادت کریں گے جب کہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں جگہ جگہ رکاوٹیں، موٹر وے سمیت تمام راستے بند کر دیے گئے، پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اطلاعات ہیں پی ٹی آئی کارکن اسلحہ جمع کر رہے ہیں، عمران خان کو کسی بھی صورت اسلام آباد نہیں آنے دوں گا، ریڈ زون سمیت پورے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی اہم، رینجرز اور فوج کو طلب کیا جاسکتا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا، خاص طور پر چاہوں گا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگ نکلیں، عوام سے درخواست ہے کہ ملک بھر سے نکلیں، ملک میں اس وقت کرپٹ لوگوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، ہم پر امریکا کےغلاموں کو مسلط کیاگیا، غلاموں میں ہمت نہیں کہ امریکا کو جواب دیں، ہم اگر نہیں نکلیں تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، پاکستان میں اس وقت کرپٹ لوگوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، قوم سے اپیل ہے کل ہمیں موقع مل رہاہے اس کو ضائع نہ کریں۔ کل حقیقی مارچ کی قیادت کروں گا،جیلوں سے ڈرنانہیں، ہمارا مقصد ایک ہے اسمبلیاں تحلیل کریں اور الیکشن کرائیں، اللہ کے علاوہ کبھی کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں، حقیقی آزادی کے لیے عوام دیگر شہروں سے بھی نکلے، کامیاب ہو گئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہو جائیں گے، باہر کے سامراجوں کو اس قسم کے غلاموں کی ضرورت ہوتی ہے، عوام جہاد سمجھ کر نکلیں، عوام کی جتنی تعداد ہوگی اتنی جیلوں میں جگہ نہیں ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔