عوام پر پھر پٹرول بم گرادیا گیا، پٹرولیم مصنوعات 3 روپے مہنگی
اسلام آباد: عوام کے مصائب میں ایک اور اضافہ ہوگیا، حکومت نے عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ پٹرول کی قیمت میں تین روپے ایک پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 147 روپے 83 پیسے ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی تین روپے بڑھائے گئے ہیں جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل 144 روپے 62 پیسے کا ہوگیا۔ اسی طرح مٹی کا تیل بھی تین روپے اضافے کے بعد 116 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل تین روپے 33 پیسے اضافے کے بعد 114 روپے 54 پیسے کا ہوگیا۔