فضا علی مری میں ہوٹل والوں کی من مانی پر برس پڑیں

کراچی: اداکارہ فضاعلی نے بھی شدید برف باری کے دوران مری میں لیے جانے والے ہوٹل کے کمرے کا تجربہ شیئر کیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں فضا علی نے بتایا کہ حال ہی میں وہ ایک پروجیکٹ کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھیں جہاں سے انہوں نے برف باری دیکھنے کے لیے مری جانے کا پلان بنایا۔
فضا کے مطابق انہوں نے اروما کیفے نامی مری کے ایک ہوٹل میں 20 ہزار روپے میں ایک رات کے لیے کمرہ کرایے پر لیا جہاں پہنچتے ہی انہیں اندازہ ہوا کہ تصویروں میں جو کمرے انتظامیہ کی جانب سے دکھائے گئے تھے وہ ایسے بالکل بھی نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہوٹل کے کمروں کے واش روم میں پانی موجود نہیں تھا، شکایت کرنے پر انتظامیہ نے بتایا کہ موٹر چلائی ہے پانی آجائے گا لیکن 4 گھنٹے گزرجانے کے باوجود پانی نہیں آیا۔

فضا کے مطابق اس دوران ہم نے 3 کپ چائے آرڈر کی، شدید حیرانی ہوئی کیوں کہ 3 کپ چائے ہمیں 2 ہزار روپے میں دی گئی، تاہم اس کے باوجود کئی گھنٹے گزر گئے اور جب پانی نہیں آیا تو ہم نے انتظامیہ پر شدید غصہ کیا اور پانی نہ آنے کی صورت میں پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا اور پھر ہم نے وہ ہوٹل چھوڑ دیا۔
انہوں نے اپنی ویڈیو میں عوام سے سانحہ مری کے دوران ہوٹل والوں کے برے رویے اور اوورچارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے نام لینے کی بھی درخواست کی تاکہ ایسے ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ مری میں ہوٹل مالکان میں صرف 10 فیصد افراد ایسے ہیں جن کا تعلق مری سے ہے، ورنہ زیادہ تر مری کے ہوٹلز کے مالکان بڑے بڑے سیاست دان، کاروباری شخصیات اور وزیر ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔