مسلم خواتین کی نیلامی کا معاملہ، سب کی خاموشی پر حیران ہوں: جاوید اختر
ممبئی: معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے 100 سے زائد مسلم خواتین کی آن لائن نیلامی اور پارلیمنٹ آف ریلیجنز پر اپنے انقلابی خیالات کا اظہار کیا، جس پر ان ہی کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مہم شروع ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے انہوں نے بھارتی وزیراعظم مودی سے سوال کیا کہ سیکڑوں خواتین کی آن لائن نیلامی ہورہی ہے، نام نہاد دھرم سنسد فوج اور پولیس کو قریباً 20 کروڑ بھارتیوں کا قتل عام کرنے کا مشورہ دے رہی ہے۔
جاوید اختر نے لکھا کہ میں سب کی خاموشی پر حیران ہوں، خاص طور پر وزیراعظم کی خاموشی پر، کیا ’سب کا ساتھ‘ یہی ہے؟
قریباً 100 مسلم خواتین کو ’بلی بائی‘ نامی ایک بھارتی ایپ پر نیلامی کے لیے رکھا گیا اور اسے ہوسٹنگ پلیٹ فارم Github پر لانچ کیا گیا تھا۔
یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب نئے سال کے پہلے دن کچھ سرگرم خواتین نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور ایپ کے ڈیولپر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دہلی اور ممبئی میں ایف آئی آر کے بعد معاملے کی جانچ جاری ہے جب کہ Github پر مذکورہ اکاؤنٹ بند کردیا گیا ہے۔
مودی سے سوال پوچھنے پر جاوید اختر کے خلاف آن لائن نفرت انگیز مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔