بینک کی غلطی سے لوگ مالا مال ہوگئے
لندن: بینک کی غلطی کے باعث راتوں رات کھاتے داروں کے بینک بیلنس میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کرسمس کے موقع پر ہزاروں اکاؤنٹس میں موجود رقم میں اُس وقت حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوگیا جب ایک بینک نے غلطی سے 75 ہزار اکاؤنٹس میں کل ایک کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ جمع کرادیے۔
خبروں کے مطابق، لوگوں سے پیسے واپس لینے کے لیے بینک کے عملے کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زیادہ تر رقوم حریف بینک کے کھاتوں میں جمع کرائی گئی تھیں۔
ایک بیان میں بینک کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہمارے کارپوریٹ کلائنٹس کی جانب سے کچھ ادائیگیاں وصول کنندگان کے اکاؤنٹس میں غلط طریقے سے دو مرتبہ کردی گئیں۔ بینک اپنی غلطی ٹھیک کرنے کے لیے دیگر بینکوں سے مل کر کام کررہا ہے۔