شہباز کے پاس دوآپشنز لندن یا جیل، نواز کو واپس لانے پر کام کررہے: فواد
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس لندن یا جیل جانے کے 2 ہی آپشنز ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو لگتا ہے کہ وہ ڈوب رہے ہیں تو پورا ملک ڈوب رہا ہے۔ ملک صحیح سمت میں جارہا ہے، شہباز شریف فکر نہ کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے پر کام کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ نوٹس لے۔ شہباز شریف کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر چلیں۔
انہوں نے کہا ہمیں زرداری اور نواز شریف کی وجہ سے بھگتنا پڑرہا ہے۔ عمران خان نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہوچکا ہوتا۔ اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں یہ میدان میں ہوں گے تو بات ہوگی۔ اپوزیشن کے پاس کرنے کو کچھ نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی پی سمیت سب کو سیاست کرنے کا حق ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ قومی سیاست کریں لیکن مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی صوبے کی سیاست کرنا چاہتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فنانس بل میں ترامیم کا مقصد ٹیکس کلچر میں تبدیلی لانا ہے۔ اس میں صرف 71 ارب کے ٹیکس ہیں باقی ریفنڈ وغیرہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب کے شہریوں کو بھی صحت کارڈ مل گیا ۔یہ بہت بڑا فلاحی منصوبہ ہے جس سے ہر کوئی بلا تخصیص 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج معالجہ کرواسکتا ہے۔ بدقسمتی سے صرف صوبہ سندھ اس اسکیم کا حصہ نہیں بن سکا۔ راشن پروگرام 15 جنوری تک آجائے گا۔وزیراعظم نے غریبوں سے اپنی کمٹ منٹ کا اظہار کیا ہے۔