فلپائن میں شدید طوفان سے بڑی تباہی، 375 اموات
منیلا: طوفان رائے نے فلپائن میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے باعث 4 روز میں ہلاکتوں کی تعداد 375 ہوگئی جب کہ اب بھی 50 سے زائد افراد لاپتا اور 500 زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں 4 روز قبل آنے والے طوفان، بارشوں اور سیلاب میں اب بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد اب بڑھ کر 375 ہوگئی ہے۔
مختلف اسپتالوں میں 500 سے زائد زخمی زیر علاج ہیں، جن میں سے درجنوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کی ایک وجہ زیر علاج زخمیوں کا دم توڑنا بھی ہے۔
طوفان رائے کے باعث 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے جب کہ 100 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوگئے۔ متاثرین کو پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرین کو پینے کے صاف پانی اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان جزیرے بوہل میں ہوا، جہاں 100 کے قریب ہلاکتیں ہوئیں اور کئی گاؤں صفحۂ ہستی سے مٹ گئے۔
سائنس دان طویل عرصے سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے خبردار کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انسانوں کے ہاتھوں موسمی تغیرات کے باعث دنیا کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے طوفان پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور اور مضبوط ہورہے ہیں۔