آرمی چیف سے جمہوریہ چیک کے سفیر کی ملاقات
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جمہوریہ چیک کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر حمایت کے لیے تعاون اور مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان مشترکہ مفادات کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
چیک ری پبلک کے سفیر نے افغانستان کی صورت حال پر پاکستان کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک یورپین ممالک کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔